Twitter response:

حیوانوں کو انسان بنانا

hiwano-ko

حیوانوں کو انسان بنا نا سب سے بڑی عبادت ہے جو تعلیم کے بغیر ممکن نہیں،منو بھائی

کوشش سکول کے بانی چوہدری محمد صادق جیسے تمام پاکستانی ہو جائیں تو ملک کی حالت سنور جائے،

ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) دنیا کی سب سے بڑی عبادت حیوانوں کو انسان بنانا ہے اور تعلیم کے بغیر یہ ممکن نہیں۔جو لوگ یہ کام کر رہے ہیں، وہ قابل ستائش ہیں۔ اس وقت آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نامور صحافی اور کالم نویس منو بھائی نے گوجرانوالہ کے نواحی علاقہ قلعہ دیدار سنگھ کے گاں نواں پنڈ میں کوشش پرائمری سکول کی پختہ عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے سکول اساتذہ اور بچے بچیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر مدیر اردو ڈائجسٹ ڈاکٹر اعجازحسن قریشی، معروف کارٹونسٹ جاوید اقبال اور بانی کوشش سکول چوہدری محمد صادق بھی موجود تھے۔منو بھائی نے مزید کہا کہ جب تک چوہدری صادق جیسے درد دل والے انسان یہاں موجودہیں پاکستان قائم و دائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ 70ارب روپیہ خیرات کی نظر کر دیا جاتا ہے جس میں سے 35ارب روپیہ پیشہ ور گداگروں کے ہاتھوں پہنچ کر ضائع ہو جاتا ہے۔ اگر یہی 70ارب تعلیم کو خیرات کر دیا جائے تو تعلیمی خیرات کی یہ نہر دور دور تک جا سکتی ہے ۔ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوشش سکول کے بانی چوہدری صادق جیسے تمام پاکستانی ہو جائیں تو ملک کی حالت تبدیل ہو جائے۔

روزنامہ پاکستان  24مئی 2004